هفته,  23 نومبر 2024ء
پنجاب حکومت کا قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

 

لاہور (روشن پاکستان نیوز) پنجاب حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سلطان اذلان شاہ کپ میں شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

فیصل کھوکھر نے کہا کہ قومی ٹیم نے ایک بار پھر عالمی افق پر قومی پرچم بلند کیا ہے، پنجاب حکومت قومی کھیل کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

وزیر کھیل پنجاب نے کہا کہ جذبے، ولولے، عزم اور محنت سے قومی ٹیم نے اذلان شاہ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، فائنل میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی۔

واضح رہے کہ 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا گیا فائنل میچ چوتھے کوارٹر میں 2-2 گول سے برابر رہا جس کے بعد اس کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ جاپان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ 1-4 سے جیت کر پہلی بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ پاکستان کے رانا وحید اشرف کو ملا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو ایونٹ کی سلور میڈلسٹ قرار دیا گیا۔

مزید خبریں