واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی الگ سیاسی شناخت مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں، جبکہ ان کے حالیہ بیانات سے 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ممکنہ سیاسی حکمت عملی کی جھلک بھی سامنے آنے لگی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جے ڈی وینس نے وسط مدتی انتخابات سے قبل اپنی انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے بجائے اپنے ترجیحی سیاسی ایجنڈے کو زیادہ نمایاں کیا۔ انہوں نے اقتصادی قوم پرستی، خارجہ پالیسی میں محتاط رویے اور عوامی تحفظ جیسے معاملات کو اپنی تقریروں کا مرکزی حصہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی گرتی ہوئی مقبولیت نے انتخابی میدان میں ری پبلکن امیدواروں کو بھی متاثر کیا، جس کے بعد وینس نے اپنی سیاسی گفتگو میں صدر کی متنازع پالیسیوں سے فاصلہ رکھنے کی کوشش کی۔ بالخصوص ایران جنگ اور ملک بدری کی پالیسیوں کا ذکر ان کی انتخابی تقاریر میں نسبتاً کم رہا۔
جے ڈی وینس نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے ری پبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کا تجزیہ کیا اور مستقبل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے ایران جنگ کو ری پبلکنز کی شکست کی اہم وجوہات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے تنازع جلد ختم کرنے پر زور دیا۔











