واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ڈاک کے ذریعے بھیجے جانے والے ووٹوں سے متعلق نئی پابندیوں پر عمل درآمد کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی اس تجویز کو مسترد کردیا جس کے تحت امریکی پوسٹل سروس (USPS) کو میل بیلٹس روکنے کا اختیار مل سکتا تھا۔
سپریم کورٹ نے اپنے مختصر حکم میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے لیے اپنے قانونی مؤقف پر کامیابی حاصل کرنے کے امکانات کم ہیں۔
ایران کی شرائط پوری ہونے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، ٹرمپ کے بیانات سے گمراہ نہ ہوں: محسن رضائی
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے نئے ضابطے کے تحت ریاستوں کو محکمۂ ڈاک کو ووٹروں کی فہرست فراہم کرنا اور محکمۂ ڈاک سے پہلے سے منظور شدہ بیلٹ لفافے استعمال کرنا لازم قرار دیا گیا تھا۔
محکمۂ ڈاک کو ایسے بیلٹ مسترد کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جو نئے معیار پر پورا نہ اترتے ہوں یا رجسٹرڈ ووٹروں کی فراہم کردہ فہرست میں شامل افراد سے متعلق نہ ہوں۔
انتخابی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اس اقدام سے نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں افراتفری اور بڑے پیمانے پر ووٹرز کے حقِ رائے دہی سے محرومی کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔











