ویانا(روشن پاکستان نیوز) آسٹریا میں ایک خوفناک فضائی حادثے میں 44 سالہ خاتون پیراگلائیڈر اُس وقت معجزانہ طور پر بچ گئیں جب ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ فضا میں ان کے گلائیڈر سے ٹکرا گیا۔ خاتون نے اس خوفناک لمحے کی ویڈیو خود سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو تیزی سے وائرل ہو گئی۔
برطانوی اور یورپی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ آسٹریا کے مشہور پہاڑی علاقے شمٹن ہوہے (Schmittenhöhe) کے قریب پیش آیا، جہاں خاتون پیراگلائیڈنگ کر رہی تھیں کہ اچانک ایک چھوٹا سیسنا طیارہ ان کے اوپر سے گزرتے ہوئے گلائیڈر کے کینوپی سے ٹکرا گیا۔ ٹکر کے نتیجے میں گلائیڈر پھٹ گیا اور خاتون فضا میں بے قابو ہو کر گھومنے لگیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون شدید گھبراہٹ کے باوجود ہمت نہ ہاریں اور فوری طور پر اپنا ریزرو پیراشوٹ کھولنے میں کامیاب ہو گئیں، جس کے باعث وہ زمین پر محفوظ لینڈنگ کر سکیں۔ حکام کے مطابق خاتون کو معمولی چوٹیں اور خراشیں آئیں جبکہ طیارے کا 28 سالہ پائلٹ بھی بحفاظت قریبی ائیرپورٹ پر اتر گیا۔
آسٹریا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ پیراگلائیڈر کو بروقت دیکھ کر بچنے میں ناکام رہا۔











