اسلام آباد(عرفان حیدر) اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر شہر میں خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی مکمل طور پر بند ہوگا جبکہ سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک کی عارضی بندش متوقع ہے۔
اسی طرح شہر میں کسی بھی سمت سے آنے والی ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ حکام نے ہیوی ٹریفک مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ایام میں اسلام آباد کی طرف سفر سے گریز کریں تاکہ شہری مشکلات سے بچا جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل روٹس بھی جاری کیے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشی راولپنڈی جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے 9th ایونیو استعمال کریں گے۔
ہم نے ایک جہاز پکڑا ہے جس میں کچھ چیزیں ہیں جو چین کی طرف سے تحفہ ہیں: ٹرمپ
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک کی بندش کی صورت میں ٹریفک سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ اور چاندنی چوک کے راستے راول روڈ سے کورال کی طرف منتقل کی جائے گی۔
اسی طرح پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل متبادل راستوں سے متعلق معلومات حاصل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ٹریفک دباؤ کو کم کیا جا سکے۔











