اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 42 اعشاریہ 77 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ہوائی اڈے پر سعودی عرب جانے والے ایک مرد اور تین خواتین کے سامان میں چھپائی گئی 19 اعشاریہ 66 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی، جس پر تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسی ہوائی اڈے پر ایک اور کارروائی کے دوران سعودی عرب جانے والے ایک مرد اور ایک خاتون کے سامان سے 11 اعشاریہ 502 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
ضلع چارسدہ کے علاقے شب قدر کے قریب ایک رکشے سے 8 اعشاریہ 4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار
لاہور ہوائی اڈے پر ہی ایک کارروائی میں سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 108 آئس بھرے کیپسول، جن کا وزن 580 گرام تھا، جبکہ ایک خاتون کے پیٹ سے 70 ہیروئن بھرے کیپسول، جن کا وزن 227 گرام تھا، برآمد کیے گئے۔
ملتان ہوائی اڈے پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 84 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے جن کا مجموعی وزن 558 گرام تھا۔
کراچی کے جناح ہوائی اڈے کے مال برداری مرکز میں سعودی عرب بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 650 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اسی طرح سیالکوٹ کے مال برداری مرکز میں ایک اسپیکر کے اندر چھپائی گئی ایک اعشاریہ دو کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
انسدادِ منشیات فورس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











