ہیوسٹن(روشن پاکستان نیوز): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پرتگال اور ڈی آر کانگو کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر ہو گیا ہے۔
امریکی شہر ہیوسٹن میں کھیلے گئے اس اہم میچ کا آغاز پرتگال نے انتہائی شاندار انداز میں کیا۔ کھیل کے چھٹے ہی منٹ میں پرتگال کے ژاؤ ناویس نے ایک خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔
میچ کے ابتدائی مرحلے میں پرتگال کی ٹیم نے گیند پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور ڈی آر کانگو کو شدید دباؤ میں لا کر دفاعی پوزیشن پر دھکیل دیا۔
شدید دباؤ کے باوجود کانگو کی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور منظم انداز میں پرتگالی حملوں کا مقابلہ جاری رکھا، حالانکہ پہلے ہاف میں انہیں گول کرنے کے واضح مواقع تلاش کرنے میں خاصی مشکل پیش آ رہی تھی۔
دوسری جانب پرتگال کی ٹیم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل اپنی برتری کو دگنا کرنے کی کوششوں میں مصروف رہی، جس میں اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور برونو فرنینڈس بھی پیش پیش رہے، تاہم کانگو کے دفاع نے یہ دباؤ برقرار رکھا۔
پہلے ہاف کے اضافی وقت میں میچ اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا جب ڈی آر کانگو کے یان ویسا نے ایک بہترین موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار گول اسکور کیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
رونالڈو چھٹی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کھیلیں گے یا نہیں؟ اعلان ہوگیا
دوسرے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے اور مواقع پیدا کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
دوسرے ہاف کے دوران پرتگال کے کھلاڑی کینسلو نے ایک گول اسکور بھی کیا، لیکن ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔
میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کی جانب سے دفاعی کھیل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ ڈی آر کانگو کی دفاعی لائن نے میچ کے آخری منٹوں میں زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے پرتگال کے پے در پے حملوں کو ناکام بنا دیا اور مقررہ وقت کے خاتمے تک پرتگال کو مزید کوئی گول نہ کرنے دیا۔ یوں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم مقابلہ ایک ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔











