اسلام آباد (محب) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات ضرور ہونے چاہئیں، تاہم ملکی سلامتی سے متعلق معاملات پر محاذ آرائی مناسب نہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک دور اندیش سیاستدان ہیں اور ماضی میں بھی معاملات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں، تاہم ان کے حالیہ بیانات میں غصہ، شدت اور تلخی نمایاں ہے، جس سے محاذ آرائی کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ سیاسی معاملات آگے بڑھ سکیں۔
وفاقی وزیر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عوامی رائے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے اور اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت عوامی اہمیت کے معاملات پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے اور فی الحال صرف اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر عوام سے رائے لینے میں اتنا خوف کیوں ہے؟
مخالفین بھی تسلیم کررہے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں: بیرسٹر گوہر
عطا اللہ تارڑ نے پیپلز پارٹی کے انتخابی عمل سے متعلق مؤقف پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی کو انتخابی عمل پر تحفظات ہیں تو یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ آیا سندھ میں انتخابی عمل درست ہے اور ملک کے دیگر حصوں میں نہیں؟











