خلا سے لی گئی طوفانی بادلوں کی منفرد تصاویر سامنے آگئیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)خلا سے لی گئی طوفانی بادلوں کی انتہائی شاندار اور منفرد تصاویر سامنے آگئیں ، مخصوص طوفانی بادل اپنے اندر ایک خوفناک یا خطرناک منظر لیے ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی خلائی ادارے ‘ناسا’ کی خلاباز جیسیکا میر نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے بحر الکاہل کے شمال مغربی خطے کے اوپر بننے والے طوفانی بادلوں کی چند انتہائی شاندار اور منفرد تصاویر شیئر کی ہیں، جنہوں نے سوشل میڈیا پر آتے ہی دنیا بھر کے لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

خلاباز جیسیکا میر نے خلا سے نظر آنے والے اس دلفریب نظارے کو “سحر انگیز” قرار دیتے ہوئے اپنے تاثرات میں لکھا کہ خلا سے ان بادلوں کی شکلیں، بناوٹ اور لامتناہی سائز دیکھنا ایک اچھوتا تجربہ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عام طور پر خلا سے زمین کے بادل بہت پرسکون اور دلکش نظر آتے ہیں، لیکن بحر الکاہل کے اوپر بننے والے یہ مخصوص طوفانی بادل اپنے اندر ایک خوفناک یا خطرناک منظر لیے ہوئے تھے۔

زمین کے مدار سے کھینچی گئی ان تصاویر نے زمین کے بادلوں کی وسعت، ان کی تہوں اور ساخت کو اس طرح واضح کیا ہے، جو زمین پر کھڑے ہو کر دیکھنا انسان کے لیے ناممکن ہے، یہی وجہ ہے کہ ان تصاویر کو دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 16 ملزمان گرفتار، 330 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

سوشل میڈیا صارفین تصاویر پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے تو ان کی اصل ہونے پر بھی شبہ ظاہر کیا کیونکہ یہ نظارہ سچ مچ ناقابلِ یقین حد تک خوبصورت ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود خلا باز اکثر و بیشتر زمین کے موسم اور جغرافیائی تبدیلیوں کی تصاویر لیتے رہتے ہیں۔

جیسیکا میر کی یہ حالیہ تصاویر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں، جو نہ صرف عام عوام کو کائنات اور زمین کے حسن سے جوڑتی ہیں بلکہ سائنسدانوں کو زمین کے بدلتے ہوئے موسمیاتی نظام اور طوفانوں کی ساخت کو باریک بینی سے سمجھنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہیں۔

مزید خبریں