اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 8 کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 7 خواتین، جن میں 2 تھائی شہری بھی شامل ہیں، سمیت مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 330.192 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کی گئی کارروائی میں اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس سے مرد اور خاتون کے قبضے سے 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ابوظہبی جانے والی دو تھائی خواتین کے سامان سے 1.878 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون کے سامان میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی 14.314 کلوگرام آئس بھی برآمد ہوئی۔
کراچی میں شاہراہ فیصل پر واقع ایک کورئیر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں موجود 14 مردانہ جیکٹس سے 16 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ فیڈرل بی ایریا کراچی کے ایک اور کورئیر آفس میں اٹلی بھیجے جانے والے پارسل میں جرابوں کے ڈبے میں چھپائی گئی 7 کلوگرام ہیروئن بھی برآمد کر لی گئی۔
منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اے این ایف کا عزمِ نو
ملتان میں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ماربل سے لدے ٹرک میں چھپائی گئی 226.80 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 61.2 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ادھر راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب 3 خواتین کے قبضے سے ایک کلوگرام آئس برآمد کر کے انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔











