اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر میں چوری کی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے مسروقہ طلائی زیورات اور نقدی برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طاہر ولد سراج، سکنہ چنیوٹ اور حال مقیم ڈھوک عبداللہ، جی-12 اسلام آباد کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 906/26 کے تحت 18 ستمبر 2026 کو نامعلوم ملزمان نے اہل خانہ کی غیر موجودگی میں گھر میں داخل ہوکر ایک ہزار امریکی ڈالر اور 10 تولہ طلائی زیورات چوری کیے تھے۔
پولیس ٹیم نے واردات کا سراغ لگانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، انسانی وسائل اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے، جس کے نتیجے میں ملزم طاہر کو گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ماضی میں اسی گھر میں پینٹر کے طور پر کام کرچکا تھا اور اسے گھر کے معمولات اور اہل خانہ کی آمدورفت کا علم تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اہل خانہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر میں داخل ہوکر چوری کی واردات کی۔
کراچی کمپنی پولیس کی کارروائی، دو اشتہاری ملزمان گرفتار
پولیس نے ملزم کے قبضے سے مسروقہ طلائی زیورات اور نقدی برآمد کرلی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران واردات سے متعلق مزید حقائق اور ممکنہ طور پر دیگر مسروقہ سامان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی انسپکٹر ندیم طاہر نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔











