اسلام آباد(کرائم رپورٹر) تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ 25 لاکھ روپے کے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی ندیم طاہر کی زیرِ نگرانی اے ایس آئی عارف حسین اور ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم اسامہ ابرار ولد ابرار آصف کو گرفتار کیا۔ ملزم تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 685/25 مورخہ 6 جون 2025، بجرم 489-F تعزیراتِ پاکستان میں مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اسلام آباد کے دیگر تھانوں میں بھی کروڑوں روپے کے مقدمات میں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، جن میں تھانہ کوہسار کے دو، تھانہ مارگلہ کے دو، تھانہ شالیمار کا ایک اور تھانہ ہمک کے مقدمات شامل ہیں۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔











