راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) تھانہ دھمیال کے علاقے میں کمسن بچی سے مبینہ نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں ٹھیلے والے کو گرفتار کر لیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق شہری کی درخواست پر تھانہ دھمیال پولیس نے فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق اس کی بیٹی گولہ لینے گلی میں گئی تھی جہاں ملزم نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست ملزم کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت کیا جائے گا۔ ایس پی صدر نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے یا ان سے زیادتی کے واقعات کسی صورت قابلِ برداشت نہیں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔
دوسری کارروائی میں راولپنڈی پولیس کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں معزز عدالت نے منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کو سزا سنا دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق مجرم سمیع اللہ کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ تھانہ سول لائنز پولیس نے دسمبر 2024 میں ملزم کو ایک کلو 800 گرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔
راولپنڈی پولیس کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، دو مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق مقدمے کی مؤثر پیروی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔ راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔











