راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے راول آفس میں نیو ٹاؤن اور وارث خان سرکل کے ایس ایچ اوز اور محرران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام، زیرِ تفتیش مقدمات اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران ایس پی راول نے افسران کو ہدایت کی کہ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں روزانہ کی بنیاد پر فالو اَپ اور پیش رفت کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ کار اور دیگر گاڑیوں کی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں تیز کی جائیں، جبکہ زیرِ تفتیش مقدمات کو حقائق کی روشنی میں یکسو کرنے کے ساتھ چالانوں کی زیرِ التوا پینڈنسی بھی ختم کی جائے۔
ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ ڈکیتی، رابری اور چوری کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ رکھنے والے ملزمان کو شاملِ تفتیش کرکے ان پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ امن و امان کا قیام اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا، نیو ٹاؤن پولیس نے دو مختلف مقدمات میں مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق ایک کارروائی میں کرائے کے تنازع پر تشدد کرکے خاتون کو زخمی کرنے والے مالک مکان کو گرفتار کیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ اپریل 2026 میں درج کیا گیا تھا۔
دوسری کارروائی میں سابقہ رنجش پر گھر میں داخل ہو کر آہنی مکے کے وار سے دو شہریوں کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ نیو ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام دستیاب ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے انہیں چالان عدالت کیا جائے گا۔











