راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل کی واردات ٹریس کرنے، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
تھانہ جاتلی پولیس نے مؤثر تفتیش کے بعد مویشیوں کے ڈیرے کے ملازم فرحان کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ڈیرے کے مالک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی لاش تین ہفتے قبل ڈیرے کے قریب سے ملی تھی۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزمان نے لین دین کے تنازع پر فائرنگ کر کے فرحان کو قتل کیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسی تھانے کی ایک اور کارروائی میں قتل، اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا گیا، جو اگست 2023 سے مفرور تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ذاتی دشمنی پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل اور دوسرے کو زخمی کیا تھا، جبکہ اس کے تین ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب صادق آباد پولیس نے امانت میں خیانت کے مقدمے میں مطلوب ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا، جو فروری 2026 سے پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
ریس کورس پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 کلو 900 گرام چرس برآمد کر لی۔ علاوہ ازیں راولپنڈی پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے سات افراد کو حراست میں لے کر 15 لیٹر شراب اور اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا۔
ادھر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ناصر علی خان نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو مقررہ مدت میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کے دوران شہر میں امن و امان، جرائم کی روک تھام اور تاجروں کے ساتھ باہمی تعاون پر زور دیا۔ وفد نے راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثنا، منشیات کے دو مقدمات میں معزز عدالت نے دو ملزمان کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور ایک لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔











