منگل,  28 جولائی 2026ء
پُرتشدد جتھے نے انتخابات کو متنازع بنانےکی ناکام کوشش کی،کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے: عطاتارڑ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیرکاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور نہ ہی کسی کو دھونس اورتشدد کے زورپر اپنی مرضی مسلط کرنے دیں گے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے شرپسند عناصرکو مکمل مسترد کردیا ہے، پرتشدد جتھےکو کشمیرکی ترقی قابل قبول نہیں ہے، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن انتخابات ہضم نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ پُر تشدد جتھےکے ارکان سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا ہے،  پرتشدد جتھے نے کامیاب انتخابات کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کی لیکن آزاد کشمیر انتخابات میں تمام جماعتوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، میرپورڈویژن میں 6 لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے۔

آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ: تمام 13 حلقوں کے نتائج مکمل، ن لیگ 9 نشستوں کیساتھ بازی لے گئی، پیپلزپارٹی کا دوسرا نمبر

وزیر اطلاعات نےکہا کہ شرپسند عناصر کا مکروہ چہرہ دنیا نے دیکھ لیا ہے، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہے۔

 وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیراطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ایکشن کمیٹی کی تحریک حقوق دلانے کی نہیں بلکہ حقوق چھینے کی تحریک ہے، اس  پرتشدد  تحریک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر شامل ہیں، احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی جارہی ہے، عوامی احتجاج میں اسلحہ استعمال نہیں ہوتا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کشمیریوں سے ان کے ووٹ کا حق چھینا چاہتے ہیں،کشمیریوں نے ووٹ کی طاقت سے اپنا موقف واضح کردیا، 38 میں سے 37 مطالبات تسلیم کیےگئے، احتجاج بلاجواز  ہے، پرتشدد احتجاج کے ذریعے الیکشن رکوانےکی کوشش کی گئی، پرتشدد جتھوں نے اپنے عزائم ناکام ہوتے دیکھے تو فساد پر اتر آئے۔

مزید خبریں