لاہور(روشن پاکستان نیوز) : پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے شہریوں پر متعدد پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اس بار دفعہ 144 کے تحت گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع پانی میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں اور جھیلوں میں بھی ہر قسم کی تیراکی پر مکمل پابندی ہوگی۔
پابندی کے تحت ڈیموں، دریاؤں اور جھیلوں میں بغیر اجازت کشتی رانی بھی نہیں کی جا سکے گی۔
اینڈی برنہم نے برطانیہ کی وزارتِ عظمیٰ سنبھال لی، 10 سالہ اصلاحاتی منصوبے کا اعلان
سیکریٹری محکمہ داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری کے تحت دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مذکورہ تمام سرگرمیوں پر 60 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ تمام پابندیاں قیمتی انسانی جانوں کےتحفظ کے لیے عائد کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کو حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور عوامی آگہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بھرپور تشہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق مون سون بارشوں سے نشیبی علاقوں اور کھلی جگہوں پر پانی جمع ہو چکا ہے جب کہ ڈیموں، دریاؤں اور نہروں میں ان دنوں پانی کی سطح بلند ہے۔ اس صورتحال میں تیراکی اور کشتی رانی انتہائی خطرناک ہے۔











