هفته,  18 جولائی 2026ء
فیفا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کا مشن، فرانس اور انگلینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ آج ہوگا

میامی(روشن پاکستان نیوز): فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے دو روایتی حریفوں فرانس اور انگلینڈ کے درمیان اہم میچ آج رات کھیلا جائے گا۔

سیمی فائنل میں فرانس کو اسپین سے جبکہ انگلینڈ کو ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب دونوں ٹیمیں فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد اپنی اور اپنے شائقین کی مایوسی کو کم کرنے کے لیے تیسری پوزیشن کا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

فرانسیسی کپتان کلیان ایمباپے اور ان کی ٹیم اسپین سے شکست کو بھلا کر میدان میں اترے گی، جبکہ انگلش کھلاڑی بھی ارجنٹائن کے خلاف سیمی فائنل میں برتری حاصل کرنے کے باوجود شکست کا زخم تیسری پوزیشن حاصل کر کے بھرنا چاہتے ہیں۔

فیفا ورلڈکپ 2026: اسپین نے فرانس کو 0-2 سے شکست دیکر 16 برس بعد فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

تاریخی ریکارڈ کے لحاظ سے، ان دونوں ٹیموں کا آخری ورلڈ کپ مقابلہ 2022 میں قطر کے کوارٹر فائنل میں ہوا تھا، جہاں فرانس نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ اس لحاظ سے فرانس کے پاس اپنی برتری برقرار رکھنے جبکہ انگلینڈ کے پاس پرانی ہار کا حساب برابر کرنے کا سنہری موقع ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے منیجرز اس میچ میں ان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے جنہیں ٹورنامنٹ کے دوران کھیلنے کا کم وقت ملا ہے۔ فرانسیسی ٹیم کے دفاعی ستارے ولیم سالیبا اسپین کے خلاف میچ میں زخمی ہونے کے باعث اس مقابلے سے باہر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب، سیمی فائنل میں دونوں بڑی ٹیموں کی شکست کے بعد شائقین کی مایوسی کے باعث ری سیل مارکیٹ میں میچ کی ٹکٹوں کی قیمتیں تیزی سے گر گئی ہیں، اور اب اس اہم میچ کے کچھ ٹکٹ 1,000 ڈالر سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

مزید خبریں