اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 316.724 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئیں۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق 7 مختلف کارروائیوں کے دوران آئس، چرس اور ہیروئن برآمد کی گئی۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے سامان میں موجود 7 احراموں میں جذب کی گئی 12.160 کلو گرام آئس برآمد کر لی گئی۔
فیصل آباد میں ایک کورئیر آفس پر سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب کی گئی 6.560 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، 2,790 کلوگرام منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار
تونسہ ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس سے 24 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
سکھر میں شکارپور روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 10 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، جسے گرفتار کر لیا گیا۔
پشاور رنگ روڈ پر واقع ایک سی این جی اسٹیشن کے قریب گاڑی سے 3.450 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
لاہور کے واہگہ گاؤں میں ایک لاوارث ڈرون سے 554 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
دالبندین کے قریب ایک کارروائی میں 260 کلو گرام چرس بھی برآمد کی گئی۔
اے این ایف نے تمام کارروائیوں کے حوالے سے انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔











