کراچی (روشن پاکستان نیوز): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں پورے سندھ میں ایک بھی سڑک خراب نہیں ہے، صوبے میں جو سڑکیں وفاقی حکومت کے ماتحت ہیں ان کا بیڑا غرق ہے۔
سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ماتحت ادارے سڑکیں بنانے کیلیے تیار نہیں ہیں، سندھ حکومت کے ماتحت تمام سڑکیں بہت بہتر بنی ہوئی ہیں، سندھ کے رورل علاقوں میں کچے راستوں پر پیور بلاکس لگا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں 97 ہزار ٹیچر بھرتی کیے گئے لیکن ایک بھی شکایت نہیں آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ شکایت بھی نہیں ملی کہ کوئی سفارشی یا پیسوں پر پاس ہوا ہے، ٹیچروں کی جس طرح شفافیت سے بھرتی کی گئی اس کو سراہنا چاہیے۔
امن و امان کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ آج الحمدللہ نہ صرف کراچی بلکہ کشمور اور شکارپور دیکھ لیں، لوگوں کو تحفظ حاصل ہے، پورے صوبے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بہترین کام کر رہے ہیں، پہلے 100، 100 لوگ مغوی ہوتے تھے، لیکن آج ایک بھی مغوی نہیں ہے۔
کراچی میں ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ گئے، ایک کلو ٹماٹر 300 روپےکا ہوگیا
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شاہراہ بھٹو پر اپوزیشن ارکان سفر کرتے ہیں لیکن سامنے کبھی تعریف نہیں کرتے، ایم کیو ایم حیدر آباد کے رکن شاہراہ بھٹو سے سفر کرتے ہیں لیکن تعریف نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو کہا کہ سندھ کے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ منصوبوں سے سیکھیں، سندھ کے منصوبوں کی پورا ملک تعریف کرتا ہے لیکن اپنے لوگ نہیں کرتے۔











