عمرہ ویزہ فراڈ کا مرکزی ملزم منظرِ عام پر، زائرین سے لاکھوں روپے بٹورنے کا الزام

اسلام آباد/گوجرخان(روشن پاکستان نیوز) عمرہ ویزہ فراڈ کیس میں نامزد مرکزی ملزم امجد حسین، جو بہکڑی اور تھانہ صدر کی حدود کا رہائشی بتایا جاتا ہے، کچھ عرصہ روپوش رہنے کے بعد دوبارہ منظرِ عام پر آ گیا ہے۔

متاثرہ افراد کے مطابق ملزم نے اپنے ایک ساتھی ایجنٹ کے ساتھ مل کر عمرہ زائرین سے لاکھوں روپے وصول کیے۔ الزام ہے کہ زائرین کو جعلی ویزے اور ٹکٹ فراہم کیے گئے، جس کے باعث متعدد افراد ائیرپورٹ پہنچنے کے باوجود سفر سے محروم رہ گئے اور شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ اس مبینہ دھوکہ دہی سے کئی خاندانوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے کی گئی تیاریاں بھی ضائع ہو گئیں۔ متاثرین نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار

ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف مختلف الزامات سامنے آنے کے بعد بھی متاثرہ افراد انصاف کے منتظر ہیں۔ دوسری جانب ملزم سے منسوب بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے بعض بااثر افراد کی حمایت حاصل ہے، تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرین امید کر رہے ہیں کہ انہیں ان کی رقم واپس دلانے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں