پشاور(سعد عباسی) حسن خیل کے علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے 6 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
شہداء میں نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، سپاہی احسان اور سپاہی ریاض شامل ہیں۔ شہداء کی نماز جنازہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
رواں سال میں پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف 28 مقدمات درج
نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔
وفاقی وزراء نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔











