جمعرات,  14 مئی 2026ء
ٹی اینڈ ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ اربوں روپے کرپشن کیس کی سماعت 18 جون تک ملتوی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ٹی اینڈ ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج چوہدری عامر ضیا کی عدالت میں ہوئی، جہاں عدالت نے مزید کارروائی 18 جون تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سوسائٹی انتظامیہ میں سیکرٹری کے عہدے پر تعینات اظہر خان بلوچ کی جانب سے مبینہ کرپشن کی نشاندہی کیے جانے کے بعد عدالت میں استغاثہ دائر کیا گیا تھا۔ کیس میں مختلف مالی معاملات، جائیدادوں کی خرید و فروخت اور مبینہ منی لانڈرنگ کے الزامات زیر بحث آئے۔

اس سے قبل سینئر صحافی رفیع شہزاد بھٹہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹی اینڈ ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیاں کی گئیں اور مبینہ طور پر کروڑوں روپے بیرون ملک منتقل کیے گئے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ 2010 کے بعد مختلف قریبی عزیز و اقارب اور ساتھیوں کے نام پر جائیدادیں خریدی اور فروخت کی گئیں۔

ایولان ہائوسنگ سوسائٹی کا عوام اور میڈیا کے ساتھ بڑا فراڈ: اربوں روپے ہڑپ کرنے والوں کے خلاف احتجاجی مہم کا اعلان

ذرائع کے مطابق سوسائٹی کے کمرشل اور رہائشی پلاٹس کی خرید و فروخت میں مارکیٹ ریٹ سے زائد کمیشن وصول کیے جانے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کمرشل پلاٹس پر فی مرلہ ایک لاکھ 70 ہزار جبکہ رہائشی پلاٹس پر فی کنال ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک کمیشن وصول کیا گیا۔

مزید برآں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ کرپشن سے حاصل ہونے والی رقوم مختلف افراد کے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں جبکہ بیرون ملک جائیدادیں بنانے کے بھی الزامات زیر تفتیش ہیں۔ نیب، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے انکوائری شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم تاحال کسی حتمی پیش رفت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ پیشی پر متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں