اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارت کے خلاف پاکستانی افواج کے آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے پر ٹوئٹ کی ہے۔
انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ صف جس میں دل ایک ہوں، قدم ایک ہوں اور ارادے پکے ہوں اللّٰہ اسے پسند کرتا ہے، آپریشن بنیان المرصوص کو ایک سال ہو گیا لیکن یہ جیت آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ صرف ایک آپریشن نہیں تھا، یہ پاکستانی قوم کی غیرت، پاک فوج کی بہادری اور اللّٰہ کی مدد کی نشانی تھی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو آج نفرت نہیں امن، برداشت اور انسانیت کی ضرورت ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے مگر جب وطن کی حرمت پر آنچ آئے تو پوری قوم ایک دیوار بن جاتی ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ طاقت صرف ہتھیاروں میں نہیں بلکہ اتحاد، ایمان اور سچائی میں ہوتی ہے۔











