اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر ترنول ریلوے پھاٹک کو’’آبنائے ہرمز‘‘ سے تشبیہ دینے پر شہری کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے سوشل میڈیا پر ترنول ریلوے پھاٹک کا مذاق اڑانے اور اسے عالمی تنازع سے تشبیہ دینے پر ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شہری خرم نذیر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں ترنول پھاٹک کے اکثر بند رہنے اور ٹریفک کی صورتحال کا موازنہ عالمی تزویراتی آبی گزرگاہ “آبنائے ہرمز” سے کیا تھا۔
پولیس نے تھانہ ترنول میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں ملزم کے خلاف مقدمے میں 3 مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تھانہ ترنول پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم خرم نذیر کو حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ آج کل ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی وجہ سے “آبنائے ہرمز” کی بندش ایک حساس عالمی مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس سے پاکستان میں ایندھن کا بحران بھی پیدا ہوا ہے۔











