جمعرات,  23 اپریل 2026ء
راولپنڈی کے سرکاری اسپتال میں زخمی بچے کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کا انکشاف

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی کے علاقے راجہ بازار میں واقع ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں ایک زخمی بچے کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

متاثرہ خاندان کے مطابق 22 اپریل کو تقریباً 6 سالہ بچے کا حادثہ ہوا جس کے بعد اسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ بچے کا ایکسرے کروانے پر معلوم ہوا کہ اس کی ٹانگ ٹوٹ چکی ہے، جس کے بعد اسپتال عملے نے انہیں آرتھوپیڈک ڈاکٹر کے پاس ریفر کر دیا۔

تھانہ سنگجانی پولیس کی بڑی کارروائیاں، 344 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی ریکوری

لواحقین کا کہنا ہے کہ جب وہ ڈاکٹر کے پاس پہنچے تو انہیں بار بار انتظار کروایا جاتا رہا۔ پہلے ڈاکٹر نے 5 منٹ کا کہا، پھر 10 سے 15 منٹ کی تاخیر کا بتایا، تاہم اس دوران تقریباً دو سے ڈھائی گھنٹے گزر گئے اور ڈاکٹر مبینہ طور پر موبائل فون میں مصروف رہے۔

اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اس تاخیر کے باعث بچے کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا اور بروقت علاج نہ مل سکا۔ واقعے کے بعد شہریوں نے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات اور عملے کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب تاحال اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں