اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سپر مارکیٹ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات فروری 2025 میں ماہ رمضان سے پہلے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں عہدیداران اور تمام ممبران نے شرکت کی۔
صدر شہزاد عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب باڈی نے دو سالہ مدت کے دوران مارکیٹ کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کئی اہم منصوبے مکمل کیے گئے جن میں بیت الخلاء، فلٹریشن پلانٹ، اسٹریٹ لائٹس، بیٹھنے کے لئے بنچز اور ٹرانسفارمر کی تنصیب شامل ہیں۔
شہزاد عباسی نے مزید کہا کہ موجودہ باڈی نے اپنی ذاتی کاوشوں سے مارکیٹ کے ٹرانسفارمر کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کسی بھی یونین کے ممبر کو کسی ادارے سے شکایت ہو تو وہ بلا جھجک ایسوسی ایشن سے رابطہ کرے، اور قانونی دائرے میں رہ کر ان کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمن کا سردار زادہ میر جان لانگو سے ملاقات، قلات میں ضمنی انتخابات پر تبادلہ خیال
اجلاس میں شریک تاجروں نے اپنے سوالات پیش کیے، جن پر انہیں تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ اجلاس میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا، اور سعید خان کو بلا مقابلہ نیا چیئرمین الیکشن کمیشن منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فروری 2025 میں ایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔