راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 65 روز کے دوران 1246 ان فٹ گاڑیاں بند کر دی گئیں ہیں۔
سی پی او نے بتایا کہ اس مہم کے دوران 9353 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جس کے نتیجے میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 1 کروڑ 1 لاکھ 15 ہزار روپے کے جرمانے بھی وصول کیے گئے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 762 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ غفلت کے مرتکب 27 ڈرائیوروں کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 52 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ سی پی او ہمدانی نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، اور شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ اقدامات راولپنڈی میں عوامی سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔