هفته,  01  اگست 2026ء
آئی فون 18 پرو : نئی قیمت اور فیچرز نے صارفین کو چونکا دیا

کیلیفورنیا (روشن پاکستان نیوز) آئی فون 18 پرو کے نئے لیکس کے بعد قیمت اور فیچرز نے صارفین کو حیران کردیا، کمپنی نے زیادہ روشن ڈسپلے، نئے ڈیزائن اور فولڈ ایبل ماڈلز کے ساتھ بڑے سرپرائز کی تیاری کرلی۔

نئی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سے متعلق نئے لیکس سامنے آنے کے بعد قیمت اور ممکنہ فیچرز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ،

ایپل کی آئندہ فلیگ شپ آئی فون 18 سیریز کی متوقع لانچ سے قبل آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور فولڈ ایبل آئی فون الٹرا کی ممکنہ قیمت، ڈیزائن اور دیگر فیچرز کے بارے میں اہم معلومات منظر عام پر آئیں۔

رپورٹس کے مطابق ایپل رواں سال ستمبر میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور پہلی مرتبہ فولڈ ایبل آئی فون الٹرا متعارف کرا سکتا ہے، جبکہ بنیادی آئی فون 18، آئی فون 18e اور نئی نسل کا آئی فون ایئر 2027 کے آغاز، ممکنہ طور پر مارچ میں لانچ کیے جانے کا امکان ہے۔

تازہ لیکس کے مطابق آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میں 6.3 انچ ڈسپلے دیا جا سکتا ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو میکس میں 6.9 انچ اسکرین برقرار رہنے کی توقع ہے۔

نئی ڈسپلے ٹیکنالوجی کے باعث تمام ماڈلز میں پہلے سے زیادہ روشن اسکرین فراہم کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کیا آپ کا موبائل فون ٹوائلٹ سیٹ سے بھی زیادہ گندا ہے؟ صارفین کیلئے اہم خبر

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پرو ماڈلز میں ڈائنامک آئی لینڈ برقرار رکھا جائے گا، تاہم کیمرے کا ابھار (کیمرہ بمپ) پہلے کے مقابلے میں کم کیا جا سکتا ہے، جس سے فون کا ڈیزائن زیادہ نفیس اور خوبصورت دکھائی دے گا۔

دوسری جانب سب سے زیادہ توجہ ایپل کے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون، آئی فون الٹرا، نے حاصل کی ہے۔

اگرچہ کمپنی نے ابھی تک اس ڈیوائس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم متعدد لیکس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ ہی متعارف کرایا جا سکتا ہے، جس کے ذریعے ایپل فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں قدم رکھے گا۔

قیمت کے حوالے سے لیکس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت تقریباً 1,299 ڈالر ہو سکتی ہے جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں تقریباً 200 ڈالر زیادہ ہوگی۔

ایپل انتظامیہ بھی اس بات کا عندیہ دے چکی ہے کہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث مستقبل کے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے۔

واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے ان تمام معلومات کی ابھی تک باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، اس لیے حتمی تفصیلات کمپنی کے سرکاری اعلان کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

مزید خبریں