اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز): بلڈ چین پاکستان کے زیرِ اہتمام سالانہ بلڈ کانفرنس 2026 کے دو روزہ ایونٹ کا پہلا روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبر پختونخوا محترم فیصل کریم کنڈی تھے، جبکہ مہمانِ اعزاز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود تھے۔
تقریب میں ملک بھر سے بلڈ چین پاکستان کے رضاکاروں، تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں، کاروباری شخصیات، ڈاکٹرز، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران مختلف تقاریر، ماہرین کے پینل مباحثوں اور آگاہی سیشنز میں رضاکارانہ خون کے عطیات کے فروغ، محفوظ خون کی فراہمی اور تھیلیسیمیا کے خاتمے کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مقررین نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ بروقت اور محفوظ خون کی دستیابی انسانی جانوں کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ائیر کا پاکستان کے لیے براہِ راست پروازوں کا اعلان
تقریب کے دوران خون کی فراہمی کے لیے ایک آن لائن چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا گیا، جس کا مقصد خون عطیہ کرنے والوں اور ضرورت مند مریضوں کے درمیان رابطے کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
شرکاء اور مہمانانِ گرامی نے نئے سال کے آغاز پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو مزید فروغ دیں گے اور تھیلیسیمیا سے پاک پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر بلڈ چین پاکستان کی نئی کنٹری گورنر ڈاکٹر عریبہ اکرام کی بطور کنٹری گورنر تقرری کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔ شرکاء نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کانفرنس کے دوران ملک بھر سے تعلق رکھنے والے بلڈ چین پاکستان کے رضاکاروں کو بہترین کارکردگی پر اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر بلڈ چین پاکستان کے فاؤنڈر ڈاکٹر لقمان نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
سالانہ بلڈ کانفرنس کے دوسرے روز کی تقریب اتوار کے روز گلیات میں منعقد ہوگی، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے رضاکار شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سیر و تفریح کے ساتھ ساتھ خون کے عطیات اور تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی کے خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔











