اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): ذرائع کے مطابق بیوٹی پارلرز، جلد کی نگہداشت کے کلینکس اور ہیلتھ کلبز میں استعمال ہونے والے درآمدی خام مال، سامان اور مشینری پر عائد کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کسٹم کے نوٹیفکیشن نمبر 1151 اور 1152 کے تحت ڈیوٹی کی شرحوں میں مزید 2 سے 5 فی صد تک کمی کی جا سکتی ہے۔
مجوزہ تبدیلیوں کے تحت بیوٹی پارلرز میں میک اپ کے درآمدی خام مال پر ڈیوٹی 44 فی صد سے کم کر کے 40 فی صد کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح بیوٹی پارلرز میں استعمال ہونے والے دیگر خام مال پر بھی ڈیوٹی 44 فی صد سے کم کر کے 40 فی صد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بیوٹی پارلرز کے لیے درآمد کیے جانے والے سن بلاک اور سن اسکرین پر ڈیوٹی بھی 44 فی صد سے کم کر کے 40 فیصد کی جا سکتی ہے، جب کہ بالوں کی نگہداشت سے متعلق خام مال پر بھی ڈیوٹی کی شرح 44 فی صد سے کم ہو کر 40 فی صد رہنے کا امکان ہے۔
اٹلی میں 4 پاکستانیوں کا مبینہ قتل، واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں :دفتر خارجہ
مردانہ بیوٹی سیلونز میں استعمال ہونے والی شیونگ کریم، آفٹر شیو لوشن اور کریم پر ڈیوٹی 40 فی صد سے کم کر کے 35 فی صد کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بیوٹی پارلرز اور سیلونز میں استعمال ہونے والے فیس واش، صابن اور دیگر متعلقہ خام مال پر ڈیوٹی 40 فی صد سے کم کر کے 35 فی صد کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح جلد کی نگہداشت اور چہرے کی پالش کے لیے استعمال ہونے والی کریمز اور لوشنز پر بھی ڈیوٹی 40 فیصد سے کم کر کے 35 فی صد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیلتھ کلبز، جم اور سلمنگ سینٹرز کے لیے درآمد کی جانے والی مشینری، آلات اور پرزہ جات پر ڈیوٹی بھی 40 فی صد سے کم کر کے 35 فی صد مقرر کی جا سکتی ہے۔











