پشاور(روشن پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا میں عید الاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت نے صوبے بھر کے اسپتالوں کے لیے باضابطہ ایڈوائزری اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ایڈوائزری میں کانگو وائرس کو ایک انتہائی خطرناک اور متعدی مرض قرار دیتے ہوئے تمام ڈی ایچ اوز، ایم ٹی آئیز اور ضلعی اسپتالوں کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے اور گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسپتال مشتبہ کیسز کے نمونے کیس انویسٹی گیشن فارم کے ساتھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری ارسال کریں اور اس عمل کے دوران ‘کولڈ چین’ برقرار رکھنے سمیت ‘ٹرپل پیکجنگ’ کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے۔
پشاور میں اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
طبی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مریضوں سے نمونے لیتے وقت پی پی ای کا استعمال کریں اور انفیکشن کنٹرول پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔ ایڈوائزری کے مطابق کانگو وائرس کی تشخیص کے لیے پی سی آر اور ایلیسا ٹیسٹ کیے جائیں گے، جبکہ مزید رہنمائی کے لیے این آئی ایچ کے وائرولوجی ڈیپارٹمنٹ سے رابطے میں رہنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے مویشیوں میں وائرس کی روک تھام کے لیے ‘ٹِک کنٹرول’ پر زور دیتے ہوئے عوام اور طبی عملے کو بروقت آگاہی اور حفاظتی تدابیر اپنانے کا حکم دیا ہے تاکہ انسانی جانوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔











