اتوار,  13 جولائی 2025ء
ہیلتھ رسک الاؤنس کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، پمز ملازمین کا اعلان

اسلام آباد – (روشن پاکستان نیوز) پمز اسپتال اسلام آباد میں ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کے مطالبے پر ملازمین کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ احتجاجی دھرنے میں نرسز، درجہ چہارم، گریڈ 1 سے 16 تک کے نان گزیٹڈ اور دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے فیڈرل ہیلتھ الائنس (FHA) کے چیئرمین چوہدری قمر جاوید گجر نے کہا کہ ہمیں کل صرف “لولی پاپ” دینے کی کوشش کی گئی، لیکن اب ہم صرف زبانی وعدوں سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ جب تک ہمارا جائز ہیلتھ رسک الاؤنس بحال نہیں کیا جاتا، ہم دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیر سے احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل میں مکمل ہڑتال پر بھی غور کیا جائے گا۔

چوہدری قمر گجر نے مزید کہا کہ ہمارا ہیلتھ رسک الاؤنس 2014 سے بند ہے، جسے فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری ہیلتھ نے گزشتہ روز مذاکرات کی دعوت دی تھی، لیکن وہاں صرف زبانی باتیں کی گئیں، جس پر واضح کر دیا گیا کہ جب تک عملی اقدامات نہیں ہوتے، احتجاج جاری رہے گا۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے راجہ رب نواز نے کہا کہ ہم پہلے بھی اپنے حق کے لیے متحد تھے، آج بھی ہیں، اور آئندہ بھی رہیں گے۔ جب تک ہمارا حق نہیں ملتا، دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں: وفاقی سرکاری ملازمین کا وزارت خزانہ کے سامنے “یومِ تشکر یا احتجاج”—دھرنا جاری

دیگر مقررین میں شاید خٹک، میڈم نائلہ جیسی، نوید آزاد، لیاقت اوگاہی، ڈاکٹر محمد فیاض، نزیر قریشی، فیصل تنولی، نزیر چشتی، ساجد آرائیں اور دیگر نے بھی ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبات کی حمایت کی۔

مزید خبریں