اتوار,  07 جون 2026ء
رمشہ کرسچن کالونی کے متاثرین سے مشعال ملک کی ملاقات، بے گھر خاندانوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا اعلان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے رمشہ کرسچن کالونی کے متاثرہ مکینوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے مسائل سنے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متاثرہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ غریب اور محنت کش طبقے کو بے گھر کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کچی آبادیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل متاثرین کے لیے متبادل رہائش کا مناسب انتظام کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے انسانی ہمدردی اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کریں کیونکہ ہر شہری کو عزت، تحفظ اور باوقار زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے تحفظات دور کرکے ان کے مسائل کا فوری حل نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کمزور اور محروم طبقات کے مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ متاثرہ مکینوں کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گی اور ان کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نیا پروگرام متعارف

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قیام امن کے لیے ان کا کردار لائق تحسین ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

یاسین ملک کی قید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ ان کے شوہر گزشتہ کئی برسوں سے بھارت کی تہاڑ جیل میں قید ہیں اور خاندان ایک طویل عرصے سے ان سے ملاقات نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی جدوجہد کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہے اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بھارت اس معاملے پر منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہے اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور معاملات کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے درمیان محبت، بھائی چارے اور قربانیوں کا مضبوط رشتہ قائم ہے جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ مشعال ملک نے کہا کہ شہریوں کے جائز مطالبات آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے پورے کیے جائیں اور کسی بھی جانب سے زور زبردستی سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی پیشکش کی۔

مزید خبریں