جمعه,  14  اگست 2026ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راول ڈویژن پولیس نے ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، قتل، ہراسانی اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران دو گینگز کے 6 ارکان سمیت دیگر ملزمان کو حراست میں لے کر 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 32 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ و ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق رتہ امرال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی گینگ کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 15 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

اسی طرح صادق آباد پولیس نے 4 رکنی گینگ کو گرفتار کرکے ایک مسروقہ موٹر سائیکل، 17 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

دوسری کارروائی میں تھانہ صدر بیرونی پولیس نے سابقہ رنجش کی بنا پر شہری شیر رحمان کو چھری کے وار کرکے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا، جسے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

ادھر رتہ امرال پولیس نے گھر میں داخل ہو کر خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔

پشاور: گلبہار پولیس کی کارروائی، اسلحہ نمائش کرنے والے 5 ملزمان گرفتار

راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف تھانوں کی حدود سے 7 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیاں تھانہ سٹی، رتہ امرال، ٹیکسلا، صدر واہ اور کہوٹہ کے علاقوں میں کی گئیں۔

ایس پی راول بیدار بخت گوندل اور دیگر ڈویژنل پولیس افسران نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے انہیں عدالت میں چالان کیا جائے گا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ خواتین اور بچوں پر تشدد و ہراسانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس

مزید خبریں