ٹیکسلا میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک، ساتھی کی تلاش جاری
ٹیکسلا میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک، ساتھی کی تلاش جاری

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز)  تھانہ ٹیکسلا کے علاقے میں رات گئے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی معہ قتل، نقب زنی اور ناجائز اسلحہ کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور سزا یافتہ تھا۔ ملزم نے گزشتہ روز موٹر سائیکل چھیننے کے دوران فائرنگ کر کے دو شہریوں کو زخمی بھی کیا تھا۔

ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہی ہلاک ڈاکو کے ایک ساتھی کو گرفتار کر کے شہری سے چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا تھا۔ رات گئے پولیس پارٹی نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے خطرناک ڈاکوؤں کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او ٹیکسلا، ایس ایچ او ٹیکسلا اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

مزید خبریں