اسلام آباد/لاہور/پشاور/کراچی(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک نائجیرین خاتون اور مرد بھی شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 200.81 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی مالیت 2 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیروزپور روڈ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار نائجیرین خاتون اور مرد کے قبضے سے 3 کلوگرام ویڈ اور 230 گرام کوکین برآمد کی گئی۔ اسی طرح اپر مال لاہور کے قریب ایک کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے ہینڈ میڈ کرافٹ کے اندر چھپائی گئی 12.96 کلوگرام ایمفیٹامین برآمد ہوئی۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 7 ملزمان گرفتار
کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کی تلاشی کے دوران 130.8 کلوگرام چرس اور 27 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پشاور میں ورسک روڈ کے قریب کارروائی میں گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسلام آباد کے علاقے پی ڈبلیو ڈی میں ایک ملزم کے قبضے سے 310 گرام چرس اور 14 گرام ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ سیالکوٹ میں ڈرائی پورٹ چوک کے قریب کارروائی کے دوران 1.2 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کے دوران 1.3 کلوگرام چرس اور دو پستول بمعہ میگزین بھی برآمد کیے گئے۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئیں اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔











