اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 مختلف کارروائیوں میں خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 3 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 502.91 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق حیات آباد پشاور میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی ایک خاتون کے سامان سے کیلسی کے ڈبے میں مہارت سے چھپائی گئی 1.582 کلوگرام ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 ملزمان گرفتار
کراچی میں جناح ایئرپورٹ کے قریب واقع کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب کی گئی 3.9 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے کوریئر آفس میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 310 گرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔
پشاور رنگ روڈ پر پمپ کے قریب ایک گاڑی سے 18 کلوگرام افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس اور 200 گرام آئس برآمد ہوئی۔
لاہور کے علاقے فیض پور میں کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 22.8 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام افیون اور 700 گرام آئس برآمد کی گئی۔
دوسری جانب تربت، ضلع کیچ کے قریب کارروائی میں 451 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











