قصور(روشن پاکستان نیوز) کوٹ رادھا کشن کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں خواتین پر مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ایک 7 ماہ کی حاملہ خاتون سمیت تین خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ہسپتال کے عملے کے رکن، وارڈ بوائے زیشان نے مبینہ طور پر خواتین کو بہلا پھسلا کر ہسپتال کے اوپری حصے میں لے جا کر ان پر تشدد کیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خواتین کو مبینہ طور پر تاروں سے باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
لیاقت آباد میں باپ کے گھر پر ناجائز قبضہ کرنے والا بیٹا گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مرکزی ملزم نے فرار ہونے کی کوشش میں ہسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 48 گھنٹوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دیگر ملوث افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











