اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلے میں سلمیٰ برکات کی جانب سے ڈیمو کریٹس گروپ کےچیئرمین آغا شیراز ملک سمیت ڈیموکریٹس امیدواروں اور اسلام آباد کے تاجروں کے اعزاز میں ایک تکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں تاجر رہنماؤں، ڈیموکریٹس گروپ کے امیدواروں اور ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈیموکریٹس گروپ کے چیئرمین آغا شیراز کے صاحبزادے آریان شیراز نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا شیراز ملک نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری آج ایک اہم مرحلے سے گزر رہی ہے، ہمیں گروہی اختلافات، ذاتی مفادات اور عہدوں کی سیاست سے بالاتر ہو کر صرف تاجر برادری کے مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ چیمبر آف کامرس کسی ایک فرد یا گروپ کی ملکیت نہیں بلکہ پوری کاروباری برادری کا نمائندہ ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ تاجروں کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں، انہیں تاجر برادری میں تقسیم پیدا کرنے کے بجائے اتحاد، مشاورت اور جمہوری روایات کو مضبوط کرنا چاہیے۔ “ہم اختلافِ رائے کو دشمنی نہیں سمجھتے، اختلاف ہر جمہوری نظام کا حسن ہے، تاہم تاجر برادری کے اجتماعی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔”آغا شیراز بشارت کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کا بڑھتا ہوا دباؤ، بجلی و گیس کے اخراجات، کاروباری مشکلات اور حکومتی پالیسیوں کے باعث تاجر پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایسے حالات میں تاجروں کو باہمی اختلافات میں الجھنے کے بجائے حکومت کے سامنے اپنے مسائل متحد ہو کر بھرپور انداز میں اٹھانے چاہئیں۔انہوں نے واضح کیا کہ “ہماری لڑائی کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ ہماری جدوجہد تاجر کے حق کے لیے ہے۔ جو بھی تاجر برادری کے اتحاد، عزت اور حقوق کے لیے کھڑا ہوگا، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔اس موقع پر ڈیموکریٹس گروپ کے جنرل سیکرٹری مرزا ناصر یعقوب نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے انتخابات میں حصہ لینے کا بنیادی مقصد تاجر برادری کے دیرینہ مسائل کا حل اور کاروباری طبقے کے حقوق کا مؤثر دفاع ہے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرتے ہوئے ڈیموکریٹس گروپ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں اور تبدیلی کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔”عشائیے کے موقع پر تاجر رہنماؤں اور ڈیموکریٹس گروپ کے ایگزیکٹو ممبران نے بھی باہمی رابطے، اتحاد اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، عشایئے سے عبدالقدوس سواتی، عزیز ملک، محمد رضوان، تابش محبوب جٹ، سردار منیر، سردار امجد خان، فرخ سعید، راجہ بلال زاہد، مختار عباس، آصف محمود، شیخ سلیم، محمد ہاشم رشید، تیمور شفیق، اسد محمود، سید مستانیر الحسنی اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔











