کراچی (روشن پاکستان نیوز) ورکنگ جرنلسٹس فورم کے زیرِ اہتمام پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات، ورکنگ جرنلسٹس فورم کے عہدیداران و اراکین اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں ورکنگ جرنلسٹس فورم کے بانی و مرکزی صدر میاں خرم شہزاد، جٹ الائنس سندھ کے صدر عبدالرزاق باجوہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران شرکاء نے ایک دوسرے کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ آزادی کی نعمت کی قدر کرتے ہوئے ہمیں اپنے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ورکنگ جرنلسٹس فورم کے بانی و مرکزی صدر میاں خرم شہزاد نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کی آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے اپنی جان، مال اور گھر بار کی قربانیاں دیں، اس لیے ہمارا فرض ہے کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور خلوص کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری ملک میں جمہوریت، آئین، قانون کی حکمرانی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کسی بھی معاشرے کی مضبوطی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران درپیش مشکلات کے خاتمے، ان کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھی مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورکنگ جرنلسٹس فورم صحافیوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ جٹ الائنس سندھ کے صدر عبدالرزاق باجوہ نے بھی شرکاء کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اتحاد، اتفاق اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ تقریب میں صحافیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں غیر جانبداری، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتے ہوئے عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ شرکاء نے کہا کہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے صحافی برادری اور ریاستی اداروں کے درمیان مثبت اور تعمیری روابط ضروری ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور ملک و قوم کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام افراد کی سلامتی اور کامیابی کے لیے بھی دعا کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد کے نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے وطن کی تعمیر و ترقی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔











