اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر سیاسی ایڈوائزر برائے اقلیتی امور ارشد گل اور سیکرٹری جنرل اقلیتی امور و ایگزیکٹو ممبر سنٹرل ورکنگ کمیٹی (SWC) عرفان سلامت کھوکھر کی مشترکہ صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان بھر میں پارٹی کی تنظیمی توسیع، اقلیتی ونگ کی مضبوطی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں مختلف اضلاع اور صوبوں میں پارٹی کی تنظیم سازی، اقلیتی برادری کی مؤثر نمائندگی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقلیتی ونگ کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنایا جائے گا تاکہ اقلیتی برادری کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور انہیں پارٹی کے پلیٹ فارم پر بھرپور نمائندگی فراہم کی جا سکے۔اجلاس کے دوران تنظیمی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نئے عہدیداران کی تقرری، ضلعی و تحصیل سطح پر تنظیموں کی تشکیل، نوجوانوں اور خواتین کی شمولیت بڑھانے، اور مختلف مذہبی و سماجی طبقات سے رابطوں کو فروغ دینے سے متعلق متعدد تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سینئر سیاسی ایڈوائزر برائے اقلیتی امور ارشد گل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی، قومی اتحاد اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری ملکی ترقی کا اہم حصہ ہے اور پارٹی انہیں قومی دھارے میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن مواقع فراہم کرے گی۔سیکرٹری جنرل اقلیتی امور و ایگزیکٹو ممبر SWC عرفان سلامت کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی قیادت کی ہدایات کے مطابق اقلیتی ونگ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے، کارکنوں سے رابطوں کو مضبوط کرنے اور عوامی سطح پر پارٹی کی فعالیت بڑھانے کے لیے جلد مختلف صوبوں اور اضلاع کے دورے بھی کیے جائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پرچم تلے ملک گیر تنظیمی استحکام، اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا، تاکہ پارٹی کو ملک بھر میں ایک مضبوط اور متحرک سیاسی قوت کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔











