پیر,  27 جولائی 2026ء
دریائے چناب میں پانی کی صورتحال معمول پر، ہنگامی حالات کیلئے انتظامات مکمل: ڈپٹی کمشنر

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کاکہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلابی صورتحال اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کے بھر پور انتظامات کیے گئے ہیں۔ واسا،میونسپل کمیٹی، ستھرا پنجاب ایجنسی اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے شہری او دیہی علاقوں میں ریکارڈ مدت میں نکاسی آب کے کاموں کو یقینی بنایا گیا۔ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکموں کے افسران، سینٹری ورکر ز کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔نکاسی آب کے کاموں میں کسی قسم کی کوئی تاخیرنہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مقامی صحافیوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا تھا کہ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں اس وقت کسی قسم کی کوئی سیلابی صورتحال نہیں۔ دریا میں پانی کی آمد معمول کے مطابق ہے تاہم دریا کے تمام حفاظتی کومحفوظ بنا یا گیا ہے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے لیے 9فلڈ ریلیف کیمپ اور 18بوٹنگ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں،جہاں کشتیاں، ادویات اور دیگر تمام حفاظتی و ضروری سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ وہ خود نہ صرف دریائی علاقوں بلکہ ضلع بھر کے دورہ کر رہے ہیں اور وہاں سیم نالوں کی صفائی،نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔انکاکہنا تھا کہ تمام سیم نالوں کی صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروایا جا رہا ہے تا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال پیدا نہ ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ میڈیا کی نشاندہی اور عوامی شکایات پر بھی فوری طور پر نوٹس لیا جا تاہے اور متعلقہ محکموں کی جانب سے عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فوارہ چوک،مین بازار،اکبری دروازہ اور کچہری بازار کی بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹ پر تیزی سے عمل جاری ہے۔کچہری بازار کی دو رویہ سڑک کو کارپٹ بنا دیا گیا ہے جبکہ سڑک کے اطراف خوبصورت نئی ٹف ٹائل لگائی جائیگی۔ دکانوں پر ایک ہی طرز کے سائن بورڈ اور شیشے لگوائے گئے ہیں جبکہ تاریخی اہمیت کے حامل اکبری دروازے کی بیوٹی فکیشن کی جائیگی۔اسی طرح فوارہ چوک کی کشادگی کے لیے تجاوزات کو ختم کروایا جا رہا ہے جبکہ اندرون شہر پی ڈی پی کے تحت جاری سیوریج کے میگا پراجیکٹ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اُمید ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے اندرون شہر نکاسی آب کا بڑا مسئلہ حل ہو جائیگا

مزید خبریں