اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) صوبہ پنجاب میں قیامِ امن، بین المسالک ہم آہنگی اور آمدہ محرم الحرام 1448ھ کے سلسلے میں سیکیورٹی و انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس محکمہ داخلہ پنجاب میں منعقد ہوا۔اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سمیت اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں اتحاد بین المسلمین کے فروغ، صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور محرم الحرام کے دوران مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں قیامِ امن کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام مکاتبِ فکر خصوصاً اہل تشیع علماء نے مثالی اتحاد، برداشت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سائبر پٹرولنگ سیل نفرت انگیز مواد کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور رواں سال تقریباً 6 ہزار سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن لیا جا چکا ہے۔وفد کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے قیام امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں تنظیمی عہدیداران، صوبائی صدور و سیکرٹریز اور لاہور کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔ ملاقات کے اختتام پر وطن عزیز پاکستان اور عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











