راولپنڈی/اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کارپوریٹ ممبر اور فاؤنڈر ڈیموکریٹ گروپ کے صدر سید ندیم منصور نے مطالبہ کیا ہے کہ چیمبر کی ممبرشپ کا مکمل آڈٹ کرایا جائے اور انتخابات کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) کے پاس درخواست دائر کی جا چکی ہے، تاہم تاحال اس پر شنوائی نہیں ہو سکی۔
سید ندیم منصور کا کہنا تھا کہ ووٹر لسٹوں میں سو سے زائد نئے ممبران شامل ہوئے ہیں جبکہ اتنی ہی تعداد میں ممبران خارج بھی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ضروری ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جائے کہ نئے شامل ہونے والے ممبران نے قانونی طور پر مطلوبہ مدت پوری کی ہے یا نہیں، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی شخص صرف ووٹ ڈالنے کی غرض سے ووٹر لسٹ کا حصہ نہ بنا ہو۔
انہوں نے تجویز دی کہ اگر ضرورت ہو تو نادرا کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ صرف اصل ووٹر ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی یہی طریقہ کار اختیار کرتا ہے، تاہم چیمبر کے انتخابات میں ایسا نہیں کیا جاتا، جس سے نامزد نمائندوں کے ذریعے ووٹنگ کے عمل پر سوالات جنم لیتے ہیں۔
سید ندیم منصور نے کہا کہ چیمبر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات اسی صورت ممکن ہیں جب ڈی جی ٹی او قانون کے مطابق غیرجانبدارانہ فیصلے کرے اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے۔
ڈسکوزکی نجکاری سے قبل بجلی معاہدوں کا شفاف آڈٹ کروایا جائے: مزدورتنظیمیں
انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کی رکنیت فیس میں اضافے کے معاملے کو بھی وہ ڈی جی ٹی او کے سامنے اٹھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق اس کیس میں بھی ڈی جی ٹی او نے شکایت کنندہ کی باقاعدہ سماعت کے بغیر اپنے سابقہ فیصلے کو ایکس پارٹے بنیادوں پر برقرار رکھا، جس پر انہیں تحفظات ہیں۔











