اتوار,  22 نومبر 2026ء
پارلیمنٹ ہاؤس اور منسٹر انکلیو کے لیے 5 کروڑ 73 لاکھ روپے کے 11 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد: (محب) وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ ہاؤس اور منسٹر انکلیو میں ترقیاتی، مرمتی اور دیکھ بھال کے 11 منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن پر مجموعی طور پر 5 کروڑ 73 لاکھ 44 ہزار 561 روپے خرچ کیے جائیں گے۔

منظور شدہ منصوبوں میں پارلیمنٹ ہاؤس کے ڈیزل جنریٹر کی سروس اور دیکھ بھال کے لیے 28 لاکھ 88 ہزار 628 روپے، منسٹر انکلیو ایف فائیو کے مکان نمبر 26 کی الیکٹرک وائرنگ کے لیے 27 لاکھ 21 ہزار 995 روپے جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی لان میں فواروں کے لیے واٹر سپلائی لائن بچھانے پر 29 لاکھ 60 ہزار 758 روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح پارلیمنٹ ہاؤس کے فائر الارم سسٹم اور متعلقہ آلات کی سالانہ دیکھ بھال کے لیے 30 لاکھ 85 ہزار 920 روپے، کولنگ ٹاور کے آلات کی اپ گریڈیشن اور تبدیلی کے لیے 41 لاکھ 37 ہزار 970 روپے جبکہ ایل ای ڈی ٹیوب لائٹس اور دیگر روشنی کے آلات کی فراہمی کے لیے 43 لاکھ 62 ہزار 604 روپے رکھے گئے ہیں۔

منصوبوں میں ایئر کنڈیشننگ یونٹس کی بیرونی مشینوں کی منتقلی اور تنصیب سمیت ڈرین پائپ بچھانے کے لیے 44 لاکھ 2 ہزار 762 روپے، پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی حصے اور سپریم کورٹ کی جانب روشنی کے انتظامات کے لیے 48 لاکھ 41 ہزار 127 روپے بھی شامل ہیں۔

مزید برآں آٹو چینج اوور سوئچ کی تبدیلی کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ایک ہزار 539 روپے، منسٹر انکلیو ایف فائیو کے مکان نمبر 27 کی الیکٹرک وائرنگ کے لیے 74 لاکھ 65 ہزار 654 روپے جبکہ مختلف مواقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں روشنی اور آرائشی انتظامات کے لیے 76 لاکھ 72 ہزار 500 روپے مختص کیے گئے ہیں۔

منصوبوں پر عمل درآمد اور کام کی نگرانی کی ذمہ داری کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو سونپی گئی ہے، جبکہ ان کی تکمیل کے لیے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

مزید خبریں