پشاور(روشن پاکستان نیوز) پشاور میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 دلہوں سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے 8 تھانوں کی حدود میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کارروائیاں یکہ توت، فقیر آباد، چمکنی، آڑمڑ، تہکال اور بڈھ بیر سمیت مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں۔
پشاور کے تھانوں میں محرر اسٹاف کے کندھوں پر کیمرے لگانے کا فیصلہ
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 6 دلہے بھی شامل ہیں جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شادی کی خوشیوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، کیونکہ ہوائی فائرنگ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات کو ہوائی فائرنگ سے پاک رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔











