اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد پولیس میں احتساب کے تحت ناقص کارکردگی، فرائض میں غفلت، ناقص تفتیش اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 240 پولیس افسران کے خلاف مختلف محکمانہ سزاؤں کے احکامات جاری کر دیے گئے، جن میں 4 افسران کو ملازمت سے برطرف کرنا بھی شامل ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے پولیس افسران کے خلاف عوامی شکایات سننے اور ان کی محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں مختلف مقدمات کی تفتیش اور افسران کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ناقص کارکردگی، ڈسپلن کی خلاف ورزی، ناقص تفتیش اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر 240 پولیس افسران کے خلاف مختلف نوعیت کی محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ ان میں 4 افسران کو ملازمت سے برخاست، 3 کی تنخواہوں میں کٹوتی اور ایک افسر کو عہدے سے تنزلی کی سزا دی گئی۔
ترجمان کے مطابق 17 پولیس افسران پر جرمانے عائد کیے گئے، 47 کی سروس ضبط کرنے اور 6 افسران کی ترقی روکنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے، جبکہ ایک پولیس افسر کا سالانہ انکریمنٹ روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی گھر میں مردہ پائے گئے، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں
دوسری جانب 161 پولیس افسران کی جانب سے مختلف محکمانہ سزاؤں کے خلاف دائر اپیلیں منظور کر لی گئیں، جبکہ شوکاز نوٹسز پر تنبیہ جاری کرنے کے بعد انہیں فائل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کا کہنا تھا کہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے، فرائض میں غفلت برتنے اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔ علی وسیم کے مطابق اسلام آباد پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور محکمہ میں احتساب کو یقینی بنانے کے لیے سزا و جزا کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔











