هفته,  14 نومبر 2026ء
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک، دو جوان شہید

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز): شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک اور  پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا ہے۔

گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ہونے والے فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد علی خیل کے علاقے میں 12 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جن میں 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ میر علی اور دتہ خیل کے علاقوں میں بھی دو، دو خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا، جس سے مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے خوارجیوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ ان کارروائیوں سے علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو کاری ضرب پہنچی ہے۔

سعودیہ اور حرمین شریفین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: ترجمان پاک فوج

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک ہونے والے یہ دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مادرِ وطن کے دو بہادر سپوتوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہداء میں ضلع صوابی کے 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان کے 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں۔

مزید خبریں