کراچی(روشن پاکستان نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ملک بھر خصوصاً کراچی کی مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی 9 مشکوک، جعلی، ملاوٹ شدہ اور غیر رجسٹرڈ ادویات و طبی مصنوعات کی نشاندہی کرتے ہوئے باقاعدہ ہنگامی ریپڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈریپ حکام کے مطابق ان تمام مصنوعات میں بچوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کے ساتھ ساتھ آنکھوں، دانتوں، کانوں اور جلد کے امراض میں استعمال ہونے والی مختلف کریمیں، قطرے اور ماؤتھ واش شامل ہیں جو شہریوں کی صحت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ڈریپ کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق یہ کارروائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ، کراچی میں کیے گئے جدید ٹیسٹوں کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے۔ لیبارٹری میں کیے گئے لیب ٹیسٹس کے دوران مذکورہ تمام 9 مصنوعات کے نمونے غیر معیاری، ملاوٹ شدہ، سائنسی معیار سے ہٹے ہوئے اور بغیر رجسٹریشن کے پائے گئے۔ ان رپورٹس کی روشنی میں اتھارٹی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان مصنوعات کا استعمال فوری طور پر ترک کر دیں۔
ڈریپ کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق جن 9 اشیا کو مشکوک اور غیر معیاری قرار دیا گیا ہے ان کی تفصیل درج ذیل ہے:
بچوں اور آنکھوں کی ادویات: بے بی آئی اسپرے اور آنکھوں کے لیے استعمال ہونے والا ٹوبرامائیسین اوپتھلمک سولوشن۔
دانتوں اور منہ کی حفاظت کی مصنوعات: ٹوٹل کیئر ماؤتھ واش، ڈینزیکور ماؤتھ واش، اینٹی پلاک ماؤتھ واش اور خاص طور پر بچوں کے لیے تیار کردہ ہیپی ٹوتھ کڈز ماؤتھ واش۔
کان اور جلد کا علاج: کان کے درد کے لیے استعمال ہونے والی بے بی کیئر ایئر کریم اور وائٹل ایئر کریم جبکہ جلد کے مسائل کے لیے بنائی گئی دوا میجک لوشن کا بیچ نمبر 002 شامل ہیں۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ ان مصنوعات کی پیکنگ پر مینوفیکچرنگ کی تفصیلات میں ایل سی کیئر فارما اور نیو ہربل کیئر کراچی کے نام درج ہیں، جن میں سے 7 مصنوعات پر ایل سی کیئر فارما اور 2 ایئر کریموں پر نیو ہربل کیئر کا نام چھپا ہوا ہے۔ تاہم، ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ ادویات کے ڈبوں پر درج ان ناموں سے مصنوعات کے اصل ماخذ، بنانے والی لیبارٹری یا ان کی تیاری کی حتمی تصدیق نہیں ہوتی اور خدشہ ہے کہ یہ نام محض دھوکہ دہی کے لیے استعمال کیے گئے ہیں۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ جعلی، ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری ادویات کا استعمال مریضوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔ ایسی مصنوعات سے نہ صرف بیماری کا مطلوبہ علاج رک جاتا ہے بلکہ انفیکشن اور دیگر اعصابی یا جسمانی پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بے حد بڑھ جاتا ہے۔ خصوصاً آنکھوں اور بچوں جیسے حساس اعضا کی ادویات کے معاملے میں ذرا سی لاپرواہی بینائی یا مستقل معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔
پاکستان میں ذہنی مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی: وزارت صحت
اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر ڈریپ نے صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام اور تمام فیلڈ ٹیموں کو فوری متحرک ہونے کا حکم دیا ہے۔ اتھارٹی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ان مشکوک مصنوعات کی تیاری، سپلائی چین اور ڈسٹری بیوشن کی سخت نگرانی کی جائے اور انہیں فارمیسیز و میڈیکل اسٹورز سے فوراً ضبط کر کے فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی میڈیکل اسٹور سے دوا خریدتے وقت اس کا رجسٹریشن نمبر اور لائسنس لازمی چیک کریں۔











